تحفظِ ناموسِ رسالت بل کی تائید کرنا ملک کے ہر مسلمان کی ذمہ داری، خدّامِ خواجہ سجادگان اس بل کی بھرپور حمایت کرتے ہیں.

0

تحفظِ ناموسِ رسالت بل کی تائید کرنا ملک کے ہر مسلمان کی ذمہ داری، خدّامِ خواجہ سجادگان اس بل کی بھرپور حمایت کرتے ہیں.. (سید واحد حسین انگارہ شاہ)

 غریب نواز کے پیغامِ امن کی اشاعت سے ہی دنیا سے بدامنی ختم ہوگی. (محمد سعید نوری)

انجمن خدامِ خواجہ صاحب سجادگان کی جانب سے 810 ویں غریب نواز پر اجمیر شریف میں عظیم الشان کانفرنس کا انعقاد



جمیر شریف/ 7, فروری: ہند الولی، عطائے رسول، خواجہ غریب نواز علیہ الرحمۃ کے 810 ویں عرس مبارک پر آئے تمام علماء و مشائخ، صوفیائے کرام و سجادگان کا خیر مقدم کرتے ہیں، انجمن خدّامِ خواجہ صاحب و سید زادگان کی ہمیشہ سے یہ خواہش رہی ہے کہ ملک کی تمام خانقاہوں کے سجادگان کو، علماء کرام اور صوفیاء کرام کو ایک اسٹیج پر جمع کیا جائے اور دنیا کو یہ بتایا جائے گا کہ یہاں صرف دنیا دار حاکمانِ وقت ہی نہیں آتے بلکہ ہر خانقاہ کے گدی نشین و صوفیاء، علماء و پیرانِ عظام بھی تشریف لاتے ہیں. اس طرح کا اظہار خیال یہاں انجمن کے وسیع و عرض معینیہ ہال میں منعقدہ "غریب نواز کانفرنس" کی صدارت کرتے ہوئے خادم درگاہ سید واحد میاں چشتی انگارہ شاہ نے کیا. آپ نے کہا کہ بانی رضا اکیڈمی الحاج محمد سعید نوری صاحب اس کانفرنس کے روحِ رواں ہیں جن کی کوششوں سے آج یہ "غریب نواز کانفرنس بعنوان شانتی سمّیلن (پیغامِ امن) کا انعقاد کیا گیا، ہم خدامِ خواجہ صاحب "ناموسِ رسالت بل" کی بھرپور تائید و حمایت کرتے ہیں، ہمیں امید ہے کہ ملک کا ہر مسلمان اس بل کی نہ صرف تائید کرے گا بلکہ سعید نوری کی قیادت میں اس بل کی منظوری کو اپنا مشن بنالے گا. 

واضح رہے کہ خواجہء اجمیری رحمۃ اللہ علیہ کے 810 ویں عرس پر سے پابندیاں ہٹانے اور رات کا کرفیو ختم کرانے کی الحاج محمد سعید نوری صاحب کی کوششوں پر انجمن خدام خواجہ سید زادگان کی جانب سے اس عظیم الشان کانفرنس میں دستار بندی کرکے آپ کا استقبال کیا گیا. اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بانی رضا اکیڈمی و سکریٹری تحفظِ ناموسِ رسالت بورڈ جناب سعید نوری نے کہا کہ آج دنیا بھر میں اور خصوصاً ہمارے ملک میں کچھ افراد آپسی بھائی چارہ اور اتحاد کی فضا کو خراب کرنے کے کوشش کررہے ہیں، مسلمان اس کا جواب تعلیمات خواجہ غریب نواز کو اپنی عملی زندگی میں اپنا کر دیں.. آپ نے مزید کہا کہ غریب نواز کے پیغامِ امن کی اشاعت سے ہی دنیا سے بدامنی ختم ہوگی، ہر طرف الفت و محبت اور امن و سکون کا بول بالا ہوگا... 

اطلاعات کے مطابق 810 ویں عرس غریب نواز پر 5 رجب کو اجمیر معلی میں منعقدہ اس شانتی سمّیلن میں ملک کے مختلف صوبوں سے تشریف لائے علماء کرام اور صوفیا و سجادگان نے خواجہ غریب نواز علیہ الرحمۃ کی حیات و خدمات کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا اور مسلمانوں سے گزارش کی کہ اسلام کو اپنی عملی زندگی میں لائیں، نمازوں کی پابندی کریں، غرباء و مساکین کی امداد و اعانت کریں اور اپنے حُسنِ سلوک سے دین کی اشاعت کو عام کریں... اس موقع پر صوبہ راجستھان کے صدر قاضی مولانا فضل حق کوٹوی نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ غریب نواز علیہ الرحمۃ کا مشن دین اسلام کی اشاعت اور ناموسِ رسالت صلی اللہ علیہ وسلم کی حفاظت ہی تھا، جس کا احیاء آج کے ان پُرخطر حالات میں سعید نوری نے کیا، یقیناً یہ خواجہ غریب نواز کی الحاج سعید نوری پر عنایتیں ہی ہیں کہ انہوں نے ناموس رسالت کے تحفظِ کا یہ کام سعید نوری سے لیا، اور اپنی بارگاہ کے سجادگان و سید زادگان کو اس بل کی تائید و حمایت میں کھڑا کردیا... اس موقع پر خانقاہ شہبازیہ بہار کے سجادہ نشین شاہ مخدوم جامی، مولانا سید مسرور رازی شہبازی، سجادہ نشین مولانا گلزار الدین چشتی، مفتی منظر حسن اشرفی، مولانا فرحان اشرفی، خلیفہء شیخ الاسلام صوفی اسمعیل حسن چشتی، مالدہ بنگال کے مفتی عبدالعزیز وغیرہ نے بھی کانفرنس ہال میں موجود ہزاروں عاشقان خواجہ غریب نواز سے خطاب کیا اور خواجہ صاحب کی تعلیمات کو ملک کے کونے کونے تک پہنچانے کی گزارش کی. 

اس عظیم الشان غریب نواز کانفرنس بعنوان شانتی سمّیلن (پیغامِ امن) کی ابتداء مولانا سید محفوظ الدین چشتی (خانقاہ فریدیہ کلکتہ) کی قرآت سے ہوئی جبکہ قاری رئیس اختر مدرس دارالعلوم محمدیہ نعیم الاسلام ممبئی، سجادہ نشین اجمیر معلی حافظ سید فُضیل چشتی، اور شہزادہء سعید نوری، مولانا احمد رضا نوری میاں نے درمیان میں نعت پاک و منقبت غریب نواز سے سامعین کے قلوب کو منور و مجلی کیا..جبکہ مبلغ تحریک درود سلام مولانا عباس رضوی نے نظامت کے فرائض انجام دئیے. اسٹیج پر ملک کی مختلف خانقاہوں کے سجادگان، صوفیاء اور علماء کرام موجود رہے.



ایک تبصرہ شائع کریں

0تبصرے

کمینٹ باکس میں کوئی بیحدہ الفاظ نہ لکھے بڑی مہربانی ہونگی

ایک تبصرہ شائع کریں (0)