نئی نسل کو بچانا ہے تو برائیوں کو مٹانا ہوگا

0

 بیت المال کمیٹی کا قیام، دو سو مقامات پر کارنر میٹنگ، خطاب جمعہ سمیت کئی اہم اقدامات


قتل، خود کشی، نشہ، ناجائز تعلقات اور دیگر سماجی برائیوں کے سلسلے میں ادار ہ صوت الاسلام کی جانب سے سماج سدھار مہم کے بینر تلے اصلاحی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری ہے، مورخہ ۱۶ ستمبر بروز جمعہ حافظ خلیل احمد ملی جماعت خانہ میں ہونے والی کامیاب میٹنگ کے بعد خود کشی کے اسباب کو دور کرنے کے پیش نظر شہری سطح پر بیت المال کمیٹی کا قیام عمل میں آیا ہے، اس بیت المال کمیٹی کے ذریعے پریشان حال اور نادار لوگوں کی امداد کی جائے گی اور بے روزگاروں کو روز گار فراہم کرنے کی کوشش بھی ہوگی ان شاء اللہ! امید ہے کہ ایک ہفتے کی مدت میں بیت المال کمیٹی سرگرم عمل ہوجائے گی! بیت المال کمیٹی میں اہم، مؤثر اور فعال افراد کا انتخاب کیا گیا ہے اور مزید افراد کو شامل کیا جارہا ہے، اس کمیٹی کی ذمہ داری معروف صنعت کار ”جناب ضیاء حکیم صاحب“ کو دی گئی ہے، کمیٹی کی جانب سے ایک ہیلپ لائن نمبر جاری کیا جائے گا، جس پر پریشان حال افراد رابطہ قائم کرسکیں گے، یہ بات بھی طے کی گئی تھی کہ تین ہفتے تک جمعہ کے دن مساجد میں سماجی برائیوں کے سلسلے میں خطاب کیا جائے، بحمد اللہ اس کا سلسلہ اسی جمعہ سے جاری کیا جارہا ہے، اس ہفتے کا خطاب ”خود کشی کے اسباب اور ان کا حل“ اس موضوع پر تیار کیا گیا ہے، جو سوشل میڈیا پر عام کردیا گیا ہے، علمائے کرام اور ائمہ حضرات سے گذارش ہے کہ وہ خطاب جمعہ حاصل کرکے اسی کی روشنی میں مصلیان کرام کی رہنمائی فرمائیں۔ اس کے علاوہ شہر کے تقریبا دوسو مقامات پر کارنر میٹنگز کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس کا پورا نظام بھی طے ہوچکا ہے اور جمعہ کے دن جمعہ کی نماز کے بعد سے اس کا سلسلہ شروع کیا جارہا ہے، کوشش ہوگی کہ دس دنوں میں یہ نشانہ پورا کرلیا جائے اور کنارے کے علاقوں میں بھی اہمیت کے ساتھ کارنر میٹنگز کا انعقاد ہو، تاکہ ان لوگوں تک بات پہونچ سکے جو نشے کی لت یا دیگر خرابیوں میں مبتلا ہورہے ہیں۔ شہر کے اداروں، کلبوں اور تنظیموں کے ذمہ داران اور ارکان سے گذارش ہے کہ وہ اس سلسلے میں دلچسپی لیں اور کارنر میٹنگز کو کامیاب بنائیں۔ سماجی خرابیوں اور برائیوں کو روکنے کے لیے پولیس انتظامیہ کا دباؤ بھی ضروری ہے خاص طریقے پر نشہ آور چیزوں کی در آمد پر روک لگانا انتظامیہ ہی کی ذمہ داری ہے، اس ضمن میں شہر ایڈیشنل ایس پی چند ر کانت کھانڈوی سے ادارہ صوت الاسلام کے صدر حضرت مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب نے مفصل بات چیت کی اورانہیں پولیس انتظامیہ کے سرگرم عمل ہونے کی ضرورت کا احساس دلایا، الحمد للہ اس کا مثبت اثر ہوا اور تین دن پہلے ایس پی صاحب نے میٹنگ کرکے تمام پولیس اسٹیشنوں کو اس سلسلے میں کار روائی کرنے کی ہدایت دی ہے، ایس پی صاحب نے ملاقات کے وقت یہ بھی بتایا تھا کہ نشہ آور اشیاء بیچنے والوں پر کار روائی کے سلسلے میں یہ دشواری آتی ہے کہ ہمارے یہاں ”فوڈ اینڈ ڈرگس“ محکمے کی کوئی برانچ نہیں ہے اور اس محکمے کا آفیسر نہ ہونے کی وجہ سے نشہ بیچنے والے یا نشہ کرنے والے جلد ضمانت پر چھوٹ جاتے ہیں، اس لیے ”فوڈ اینڈ ڈرگس محکمہ“ کی برانچ مالیگاؤں شہر میں قائم کرنے کی کوشش کی جائے، اس بات کو پیش نظر رکھتے ہوئے ادارہ صوت الاسلام کی جانب سے چیف منسٹر اور فوڈ اینڈ ڈرگس محکمے کے ذمہ داران کو خط لکھا گیا ہے اور کوشش کی جارہی ہے کہ ہمارے یہاں جلد از جلد فوڈ اینڈ ڈرگس کی برانچ قائم ہو، امید ہے کہ اس سلسلے میں جلد پیش رفت ہوگی اور اچھے نتائج سامنے آئیں گے ان شاء اللہ الرحمن! ہمارا یہ احساس ہے کہ نئی نسل کو بچانے اور شہر کی دینی شناخت کی حفاظت کرنے کے لیے برائیوں کو مٹانا ضروری ہے، جو صورت حال بن رہی ہے اس سے ہماری تشویش میں اضافہ ہورہا ہے اور اس بات کی ضرورت محسوس کی جارہی ہے کہ سماجی برائیوں پر قدغن لگانے کے لیے مسلسل اور منظم جد وجہد کی ضرورت ہے، ”سماج سدھار مہم“ تمام مسالک اور جماعتوں کے افراد کو ساتھ لے کر قدم بڑھانے کا فیصلہ کرچکی ہے، شہریان سے گذارش ہے کہ وہ سماج سدھار مہم کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات میں بھر پور حصہ لیں اور خرابیوں اور برائیوں کو ختم کرنے کے لیے آگے آئیں۔



ایک تبصرہ شائع کریں

0تبصرے

کمینٹ باکس میں کوئی بیحدہ الفاظ نہ لکھے بڑی مہربانی ہونگی

ایک تبصرہ شائع کریں (0)