اردو کتاب میلہ: حصول علم ومعلومات کا وسیلہ

0

 از:آصف جلیل احمد، مالیگاؤں

(معلّم: ضلع پریشد اردو اسکول، جارگاؤں پاچورہ ضلع جلگاؤں)


 علم انسان کا امتیاز ہی نہیں بلکہ اس کی بنیادی ضرورت بھی ہے، جس کی تکمیل کا واحد ذریعہ مطالعہ ہے۔ایک پڑھے لکھے شخص کے لیے معاشرہ کی تعمیر و ترقی کا فریضہ بھی اہم ہے ،اس لیے مطالعہ ہماری سماجی ضرورت بھی ہے۔ اگرانسان اپنے اسکول و مدرسہ کی تعلیم مکمل کرکے اسی پر اکتفا کرکے بیٹھ جائے تو اس کے فکر و نظر کا دائرہ بالکل تنگ ہوکر رہ جائے گا۔ مطالعہ استعداد کی کنجی اور صلاحیتوں کو بیدار کرنے کا بہترین آلہ ہے۔ یہ مطالعہ ہی کا کرشمہ ہے کہ انسان ہر لمحہ اپنی معلومات میں وسعت پیدا کرتا رہتا ہے۔ زاویہ فکر ونظر کو وسیع سے وسیع تر کرنے میں کتاب کا بہت اہم حصہ ہے۔عربی کا ایک مشہور محاورہ ہے: ’’زمانے کی بہترین دوست کتاب ہے‘‘ ۔ اسی طرح ایک مفکر کہتا ہے: ’’کتابوں کا مطالعہ انسان کی شخصیت کو ارتقاء کی بلندمنزلوں تک پہنچانے کا اہم ذریعہ، حصول علم ومعلومات کا وسیلہ اور عملی تجربانی سرمایہ کو ایک نسل سے دوسری نسل تک منتقل کرنے اور ذہن وفکر کو روشنی فراہم کرنے کا معروف ذریعہ ہے۔‘ کتابوں سے جہاں معلومات میں اضافہ اور راہ عمل کی جستجو ہوتی ہے وہیں اس کا مطالعہ ذوق میں بالیدگی، طبیعت میں نشاط، نگاہوں میں تیزی اور ذہن ودماغ کو تازگی بھی بخشتا ہے۔ کتابوں اور علم سے جس قوم کی وابستگی ہوتی ہے وہ ترقی کی جانب راغب ہوتی ہیں۔ اردو کتابیں ہمارا دینی و ادبی ورثہ ہیں اس کی حفاظت کرنا ہماری بنیادی زمہ داری ہے۔ اسی اہم موضوعات کے پیش نظر اقراء ایجوکیشن سوسائٹی جلگاؤں کے زیر اہتمام اور انجمن محبان اردو کتب مالیگاؤں کے اشتراک سے اْردو کتاب میلے کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس کتاب میلے میں سائنس، فلسفہ، تاریخ، ٹکنالوجی، زبان و ادب، دینی ، مذہبی صحافتی اور تعلیمی کتابوں کے علاوہ بچوں کی کہانیاں، لطیفے، کھانا خزانہ، کیرئیر گائیڈ، روزگار کتب کے علاوہ کئی موضوعات کی اہم و نادر کتابیں دستیاب ہوگی۔ ضلع جلگاؤں اور مالیگاؤں شہر کے علاوہ دیگر شہروں کے کتب فروش و پبلشر اس میلے میں اپنے اسٹال سجائیں گے۔ یہ میلہ 27 دسمبر تا 30 دسمبر 2022 کے درمیان اقراء اردو ہائی اسکول سالارنگر جلگاؤں کے وسیع و عریض میدان میں منعقد ہوگا۔ اردو زبان و ادب سے محبت کرنے والے افراد اور تنظیمیں، کلبیں، ادارے، پرائمری و ہائی اسکول اور جونیئر کالج اس اْردو کتاب میلے کو کامیاب بنائیں۔ گلوبل ولیج کی چکا چوند میں گم نسلِ نو کو اساتذہ کرام اِس کتاب میلے کی اہمیت و افادیت سے آگاہ کریں۔ ان شاءﷲ اِس کتاب میلے میں اردو قارئین ،محبان اردو کی کثیر تعداد سے ایک بار پھر یہ واضح ہوگا کہ کتب دوستی ابھی ختم نہیں ہوئی۔۔


ایک تبصرہ شائع کریں

0تبصرے

کمینٹ باکس میں کوئی بیحدہ الفاظ نہ لکھے بڑی مہربانی ہونگی

ایک تبصرہ شائع کریں (0)