شیخ طریقت حضرت مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی کی خدمات ناقابل فراموش! مرکز تحفظ اسلام ہند نے مولانا رحمانی کی خدمات پر پیش کی تہنیت!

0


بنگلور، 05؍ جون (پریس ریلیز): گزشتہ دنوں مرکز تحفظ اسلام ہند کے پانچ رکنی ایک وفد نے مالیگاؤں کا دورہ کرتے ہوئے مرکز تحفظ اسلام ہند کے سرپرست اور آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے سکریٹری شیخ طریقت حضرت مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب دامت برکاتہم سے خصوصی ملاقات کی اور انکی بے لوث خدمات پر انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے انکی شال پوشی کی اور انکی خدمت میں ایک سپاس نامہ بھی پیش کیا۔ وفد میں مرکز تحفظ اسلام ہند کے بانی و ڈائریکٹر محمد فرقان صاحب، آرگنائزر حافظ محمد حیات خان، اراکین محمد فیض، محمد حفظ اللہ اور محمد سلیم پاشاہ وغیرہ خصوصی طور پر شامل تھے۔ اس موقع پر مرکز کے ڈائریکٹر محمد فرقان نے حضرت مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب کی خدمات کو سراہتے ہوئے فرمایاکہ حضرت کی شخصیت ملک ہندوستان میں کسی تعارف کی محتاج نہیں ہے، جب بھی وعظ و خطابت، ارشاد و اصلاح، بیعت و سلوک، اور تصنیفات و تالیفات کا تذکرہ ہوتا ہے تو اس تذکرہ میں حضرت کا نام سرفہرست ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا رحمانی ہند و بیرون ہند کی ایک ممتاز وبافیض شخصیت، علم عمل کے مجمع البحرین، فضل و کمال کے حامل، علم و فن کے ماہر، ملک و ملت کے مقبول خادم اور ملت اسلامیہ ہندیہ کے عظیم رہنما و قائد ہیں۔ انکی ذات گرامی فکرو نظر، علم وعمل اور فضل و کمال کا ایک حسین سنگم ہے۔ وہ سادہ مزاجی، تصنع وتکلف سے بری اور اخلاق و عادات میں اسلاف کے سچے جانشین ہیں۔ نیز انکی خوش الحانی اور سحر آفریں خطابت اور دلآویز مواعظ جس طرح سامعین کے کانوں میں رس گھو لتے ہیں اسی طرح دلوں پر بھی اپنی اثر انگیزی کا رنگ دکھاتے ہیں۔ محمد فرقان نے فرمایا کہ اسی طرح شیخ طریقت مولانا رحمانی تصوف و سلوک کے ذریعہ بھی نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انکے فیوض بیعت و صحبت اور ان سے تعلق کی برکت سے ہزاروں انسانوں کو ہدایت میسر آئی ہے، بے شمار لوگوں کو انکی برکات سے فیضیاب ہونے کا موقع میسر آیا اور سینکڑوں لوگوں کو دین برحق کی رہنمائی ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا نے جہاں وعظ و نصیحت، خط و خطابت اور تصوف و سلوک کے میدان میں کارہائے نمایاں انجام دئے ہے وہیں دینی، ملی، سماجی اور صحافتی میدان میں بھی انکی خدمات آب زر سے لکھے جانے کے قابل ہیں۔ انکی ہمہ جہت خدمات حیات انسانی کے مختلف گوشوں سے متعلق ہے۔ انہوں نے فرمایا کہ حضرت مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب مختلف اداروں بالخصوص آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ اور خانقاہ رحمانیہ مالیگاؤں کے ذریعے جو خدمات انجام دے رہے ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں، نیز مرکز تحفظ اسلام ہند جو انہیں کی سرپرستی اور نگرانی میں بڑی ہی اہم نمایاں خدمات انجام دے رہا ہے، یہ انہیں کی دعاؤں اور سرپرستانہ رہنمائی کا نتیجہ ہے جو خود اپنے آپ میں ایک مثال ہے۔ اور بفضل باری تعالیٰ انکی ان اہم اور نمایاں خدمات سے نہ صرف ملت اسلامیہ ہندیہ بلکہ پورا عالم اسلام مستفیض ہورہا ہے۔ مرکز کے ڈائریکٹر محمد فرقان نے فرمایا کہ شیخ طریقت حضرت مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب کی ان نمایاں خدمات پر مرکز تحفظ اسلام ہند انکو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا گو ہیکہ اللہ تعالیٰ انکے سایۂ عافیت اور شفقت کو ملت اسلامیہ پر خصوصا اور عالم انسانی پر عموماً دراز فرمائے اور انکے علوم و معرفت اور فیوض و برکات کو ملک و عالم میں عام وتام فرمائے، آمین۔ قابل ذکر ہیکہ اس موقع پر مرکز تحفظ اسلام ہند کے وفد نے مرکز کے تنظیمی معاملات اور اسی طرح ملکی، ملی اور سماجی مسائل پر حضرت مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب کے قیمتی مشوروں سے استفادہ حاصل کیا، جہاں حضرت کے خادم خاص محمد عذیر رحمانی بھی بطور خاص شریک تھے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0تبصرے

کمینٹ باکس میں کوئی بیحدہ الفاظ نہ لکھے بڑی مہربانی ہونگی

ایک تبصرہ شائع کریں (0)